اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف نے امید ظاہر کی ہے کہ ازبکستان اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے 23 مارچ اتوار کو 85 ویں یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد بھی پیش کی۔ازبکستان کے سفیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن 23 مارچ پاکستانیوں کے لیے ایک یادگار دن ہے جس دن لاکھوں لوگوں نے پاکستان کے خواب کو مکمل ہوتے دیکھا۔تمام پاکستانی ایک آزاد، منصفانہ اور خود مختار ریاست کا خواب دیکھتے ہیں اور اس خواب کی گونج ہر پاکستانی کے دل میں سنائی دیتی ہے۔
سفیر نے کہا کہ ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی دور اندیش قیادت میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں سچائی، اعتماد اور خلوص کی نئی روح پروان چڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ازبکستان کے سفیر کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئےمیں پاکستان اور اس ملک کے عوام کے لیے فخر محسوس کرتا ہوں، ان کا خلوص اور مہمان نوازی بے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی اپنے ملک سے غیر متزلزل عقیدت ہے اور انہیں اپنی تاریخ پر فخر ہے، یہی چیز انہیں دوسری قوموں سے ممتاز کرتی ہے۔ پاکستانی عوام چیلنجز سے نمٹنا جانتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ازبکستان کے عوام باہمی احترام اور خلوص کے ساتھ ایک سچے دوست کے طور پر پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور اس پر فخر کرتے ہیں۔ازبک سفیر نے کہا کہ پاکستان صرف ایک ریاست نہیں بلکہ ایک عقیدہ اور نظریہ ہے جو ہر گزرتے سال کے ساتھ مضبوط ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کوئی معمولی تاریخ نہیں، میں اس مقدس دن پر پاکستان کے عظیم لوگوں کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان صرف دوست ملک نہیں، ہمارے لیے پاکستان ایک بھائی کا درجہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نہ صرف ایک اسٹریٹجک شراکت داری سے جڑے ہوئے ہیں بلکہ روحانی قربت، مشترکہ ماضی اور ایک روشن مستقبل کی امیدوں سے بھی جڑے ہوئے ہیں جو ہمارے دلوں کو قریب لاتا ہے۔
ایلچی نے کہا کہ اس خاص دن کے موقع پر میری خواہش ہے کہ پاکستان کے ہر گھر میں خوشحالی ہو اور میں پوری قوم کے اتحاد، ترقی اور روشن مستقبل کے لیے دعا گو ہوں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور دوستی مزید مضبوط ہوگی۔