استنبول میں یوم سیاہ کشمیر منایا گیا

63
اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی دنیا بھر میں 114 ملین افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی امداد کی اپیل

اسلام آباد۔28اکتوبر (اے پی پی):ترکیہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں طویل تنازعات کی تلخ حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ بین الاقوامی نظام اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے، پاکستان کشمیریوں کی آزادی کے جائز مقصد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت پر ترک حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں، ترکیہ کی یہ حمایت اور یکجہتی بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے لاکھوں مظلوموں کے لیے بڑی طاقت ہے،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے استنبول میں کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر ترکیہ یوتھ فائونڈیشن( ٹی یو جی وی اے)کے زیر اہتمام بین الاقوامی طلبا تنظیموں اور سول سوسائٹی کے کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے سری نگر میں اپنی فوجیں بھیج کر جموں و کشمیر پر قبضہ کر لیا تھا اور تب سے اس علاقے پر زبردستی اور غیر قانونی تسلط قائم کئے ہوئے ہے ۔

اس تقریب میں مختلف طلبا تنظیموں بشمول اے جی ڈی ، ایم یو ایس ڈی اے وی، جینک اسکان، آئی ایچ ایچ، موراکو ڈرنیک، فیتھ میزونلار ڈرنیک، پاکستان شہری پلیٹ فارم، یمن اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پاک سٹروک، تیونس آرگنائزیشن برلیگی اور دیگر مختلف بین الاقوامی یوتھ ایسوسی ایشنز اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں طویل تنازعات اس تلخ حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ بین الاقوامی نظام اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے، کیونکہ کمزورتسلط کی زد میں ہے اور طاقتور بے گناہ قتل جاری رکھے ہوئے ہے۔

انصاف کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹ آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مصطفی فیصل نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا پرامن اور منصفانہ حل میں اپنا کردار ادا کرے۔

ٹی یو جی وی اے کی نائب صدر محمد ملک نے کہا کہ کہیں بھی ناانصافی ہر جگہ انصاف کے لیے خطرہ ہے، کشمیریوں کو ان کا جائز حق خودارادیت دیا جائے جس کا عالمی برادری نے ان سے وعدہ کر رکھا ہے۔ پاکستانی سفیریوسف جنید نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی کے جائز مقصد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

کشمیر پر اصولی موقف کی حمایت پر ترک حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کشمیر کے ساتھ ترکی کی حمایت اور یکجہتی غیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں مظلوموں کے لیے بڑی طاقت اور ان کے خود ارادیت کے حق کے حصول کے لیے ایک اہم کردار ہے۔