استور ویلی روڈ کی بحالی کے جاری آپریشن کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کام میں عارضی تعطل پیدا ہوگیا، تاہم ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملبے تلے دب جانے والے ایکسکویٹر اور اس کے آپریٹر کو بحفاظت نکال لیا گیا
استور، ویلی روڈ بحالی آپریشن دوبارہ تیز، لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ ایکسکویٹر کامیاب ریسکیو کے بعد کام بحال

مزید خبریں
استور ۔27 جولائی (اے پی پی):استور ویلی روڈ کی بحالی کے جاری آپریشن کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کام میں عارضی تعطل پیدا ہوگیا، تاہم ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملبے تلے دب جانے والے ایکسکویٹر اور اس کے آپریٹر کو بحفاظت نکال لیا گیا، جس کے بعد سڑک کی بحالی کا کام دوبارہ دونوں اطراف سے شروع کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق استور ویلی روڈ کی بحالی کے دوران ایکسکویٹر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا، جس کے باعث بحالی آپریشن وقتی طور پر متاثر ہوا۔ خوش قسمتی سے ایکسکویٹر کا آپریٹر بھاری ملبے تلے دب جانے کے باوجود محفوظ رہا۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آپریٹر کو موقع پر بحفاظت ریسکیو کر لیا۔دوسری جانب ملبے تلے دب جانے والے ایکسکویٹر کو نکالنے کے لیے دن بھر مسلسل ریسکیو آپریشن جاری رکھا گیا۔ متعلقہ اداروں کی انتھک کوششوں کے بعد بھاری مشینری کی مدد سے ایکسکویٹر کو بھی کامیابی کے ساتھ ملبے سے نکال لیا گیا۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک جانب سے سڑک بحالی کا کام کچھ وقت کے لیے معطل رہا، تاہم دوسری جانب سے بحالی آپریشن بغیر کسی وقفے کے جاری رکھا گیا تاکہ سڑک کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جا سکے۔ریسکیو آپریشن کی کامیاب تکمیل کے بعد اب سڑک کے دونوں اطراف سے بحالی کا کام دوبارہ پوری رفتار سے جاری ہے۔ متعلقہ محکموں کی بھاری مشینری اور عملہ دن رات مصروفِ عمل ہے تاکہ متاثرہ سڑک کو جلد از جلد بحال کرکے عوام، مسافروں اور سیاحوں کی آمدورفت کو معمول پر لایا جا سکے








