راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے، تیراکی اور بلااجازت کشتی رانی پر 60 روز کے لیے پابندی

پنجاب حکومت نے مون سون کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں سیکشن 144 کے تحت 60 روز کے لیے پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں اور عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے، ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں ہر قسم کی تیراکی اور …

راولپنڈی۔27جولائی (اے پی پی):پنجاب حکومت نے مون سون کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں سیکشن 144 کے تحت 60 روز کے لیے پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق گلیوں، سڑکوں، کھلی جگہوں اور عوامی مقامات پر بارش کے جمع شدہ پانی میں نہانے، ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں ہر قسم کی تیراکی اور بلااجازت کشتی رانی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مون سون کے دوران شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں، گلیوں، سڑکوں اور دیگر کھلی جگہوں پر بارش کا پانی جمع ہونے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے مقامات پر خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کے نہانے سے ڈوبنے، گہرے گڑھوں میں گرنے اور تیز بہاؤ کی زد میں آنے جیسے سنگین حادثات پیش آ سکتے ہیں، جن سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے باعث صوبے بھر کے ڈیموں، دریاؤں، نہروں، تالابوں، جھیلوں اور ڈسٹری بیوٹریز میں پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے۔ پانی کے تیز بہاؤ، گہرائی اور غیر متوقع صورتحال کے باعث ان مقامات پر تیراکی یا بلااجازت کشتی رانی انسانی جانوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہی خدشات کے پیش نظر مذکورہ تمام سرگرمیوں پر 60 روز کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے یہ پابندیاں ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144 کے تحت نافذ کی ہیں تاکہ ممکنہ حادثات کی روک تھام اور شہریوں، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں، کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھرپور تشہیری مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شہری پابندیوں پر عمل کریں اور مون سون کے دوران غیر ضروری خطرات سے گریز کریں۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے بارش کے جمع شدہ پانی، دریاؤں، نہروں، ڈیموں، تالابوں اور جھیلوں کے قریب غیر ضروری جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔