اسحاق ڈارملک کو شدید مالی بحران سے نکالنے میں قائدانہ کردار ادا کریں گے‘مہر کاشف یونس

139

اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ اسحاق ڈارملک کو شدید مالی بحران سے نکالنے میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک شدید مالی بحران میں ڈوبا ہوا ہے اور اس نازک موڑ پر پاکستان کو ایک قابل وفاقی وزیر خزانہ کی ضرورت ہے۔ اسحاق ڈار اس سے قبل بھی چار مرتبہ اس عہدے پر فائز رہے ہیں اور وہ 1993 میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر بھی رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافے اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ٹھوس، پائیدار و قابل عمل مالیاتی پالیسیاں بنانے اور مالی بحران سے دوچار معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں کے نتیجے میں مہنگائی بھی کنٹرول ہو گی اور زوال پذیر معیشت تیز رفتار ترقی کے راستے پر واپس آئے گی۔

مہر کاشف یونس نے کہا کہ تمام چیمبرز آف کامرس اور دیگر منتخب تاجر تنظیمیں ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اسحاق ڈار کی مدد کریں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسحاق ڈار پالیسی سازی میں معروف صنعت کاروں اور تاجروں کو اعتماد میں لیں گے تاکہ ان پالیسیوں کو حقیقی معنوں میں کامیابی سے ہم کنار کیا جا سکے۔