اسحاق ڈار کا انٹرویو ہر پاکستانی کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، چوہدری فواد حسین

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا انٹرویو ہر پاکستانی کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، بدقسمتی سے لندن چوروں اور لٹیروں کی آماجگاہ بن چکا ہے، برطانوی حکومت کیلئے سوچ کا مقام ہے کہ وہ اس حوالے سے بڑا فیصلہ کرے۔ منگل کو اسحاق ڈار کے انٹرویو پر نجی ٹی وی چینل کو ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے انٹرویو میں وضاحت دی ہے کہ وہ بچوں کی جائیدادوں کو اپنا نہیں سمجھتے، میرے خیال میں انہوں نے یہ بات کہہ کر اپنی بے عزتی کروائی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں تو اسحاق ڈار کی جرات پر حیران ہوں کہ وہ کسطرح ٹاک شوز میں گئے اور لندن میں بیٹھ کر انسانی حقوق کی باتیں کر رہے ہیں، ان کا انٹرویو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان سے غریب عوام کا پیسہ لوٹ کر لندن اور دبئی چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ انسانی حقوق کی بات کرتا ہے، یہ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے کہ کسی دوسرے ملک سے پیسہ لوٹ کر لانے والوں کو وہاں پر جگہ اور انہیں عدالتوں سے بچانے کیلئے لیگل فریم ورک مہیا کیا جائے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اسحاق ڈار اور نواز شریف جیسے بدعنوان لوگ جو لندن میں رہ رہے ہیں برطانوی حکومت کیلئے بھی شرمندگی کا باعث ہیں، برطانیہ کو چاہیے کہ وہ انہیں واپس بھیجنے کیلئے اقدامات کرے۔