اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):اسراء یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس سے الحاق شدہ میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نے بدھ کو منعقدہ پروقار کانووکیشن تقریب کے دوران انسانیت کی بلاامتیاز خدمت اور پیشہ طب کے اعلیٰ اخلاقی اصولوں کی پاسداری کا عہد کیا۔ حلف برداری کی اس باوقار تقریب میں نو منتخب ڈاکٹروں نے ہمدردی، دیانت، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور انسانی وقار کے احترام کو ہر حال …
اسراء یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس سے الحاق شدہ میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کاپروقار کانووکیشن ، انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کا عزم

مزید خبریں
اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):اسراء یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس سے الحاق شدہ میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات نے بدھ کو منعقدہ پروقار کانووکیشن تقریب کے دوران انسانیت کی بلاامتیاز خدمت اور پیشہ طب کے اعلیٰ اخلاقی اصولوں کی پاسداری کا عہد کیا۔
حلف برداری کی اس باوقار تقریب میں نو منتخب ڈاکٹروں نے ہمدردی، دیانت، پیشہ ورانہ ذمہ داری اور انسانی وقار کے احترام کو ہر حال میں مقدم رکھنے کا اعادہ کیا۔تقریب کی صدارت اسراء یونیورسٹی کے چانسلر اور اسراء اسلامک فائونڈیشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے کی جبکہ مہمان خصوصی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق تھے۔
اس موقع پر مجموعی طور پر 289 طلبہ و طالبات میں 12 مختلف شعبہ جات کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ ان میں ڈاکٹر آف میڈیسن (پیڈیاٹرکس) کے 2، ایم بی بی ایس کے 112، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے 60، بی ایس میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے 19، بی ایس وژن سائنسز کے 58، بی ایس آڈیالوجی کے 13، بی ایس پروستھیٹکس اینڈ آرتھو ٹکس کے 3، ایسوسی ایٹ ڈگری میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کا 1، ایسوسی ایٹ ڈگری ریسپائریٹری تھراپی کے 11، بی ایس الیکٹرانکس کا 1، بی ایس انجینئرنگ ٹیکنالوجی (سول) کے 7 اور بی ایس انجینئرنگ ٹیکنالوجی (الیکٹریکل) کے 2 گریجویٹس شامل تھے۔
مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ 25 کروڑ سے زائد آبادی والے پاکستان میں معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی صرف سرکاری شعبے کے بس کی بات نہیں، نجی تعلیمی ادارے اس خلا کو پر کرنے میں ناگزیر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسراء یونیورسٹی سمیت متعدد نجی جامعات نے محدود سرکاری معاونت کے باوجود نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نجی جامعات کے لیے سہولت دوست پالیسیوں کے فروغ پر کام کر رہا ہے تاکہ معیاری تعلیم کے مواقع میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔
صدر تقریب پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے کہا کہ اسراء اسلامک فائونڈیشن کے تحت کام کرنے والی اسراء یونیورسٹی دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معیاری تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مضبوط قوموں کی بنیاد ہے اور اسراء کے فارغ التحصیل افراد دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو ادارے کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے گریجویٹس کی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں مسلسل رہنمائی اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی نے اپنے خطاب میں گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کانووکیشن صرف ڈگریوں کی تقسیم کی تقریب نہیں بلکہ طلبہ اور ان کے خاندانوں کی برسوں کی محنت، قربانیوں اور خوابوں کی تکمیل کا دن ہے۔
انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ دیانت، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کو اپنا شعار بنائیں اور اپنی مادر علمی، اساتذہ اور ملک کا نام روشن کریں۔تقریب میں طالبات کی تعداد طلبہ سے زیادہ دیکھی گئی جو طب کے شعبے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور اعتماد کا عکاس ہے۔
کانووکیشن کی تمام کارروائی نہایت نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ انجام پائی۔ تقریب میں اساتذہ، طلبہ و طالبات اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے بھی دیئے گئے۔
اسراء یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کا یہ کانووکیشن نہ صرف ادارے بلکہ اس کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا جہاں سے وہ انسانیت کی خدمت، پیشہ ورانہ دیانت اور قومی ترقی کے عزم کے ساتھ اپنی عملی زندگی کا آغاز کریں گے۔








