مقبوضہ بیت المقدس۔13دسمبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حکام نے دو ہفتوں کے دوران فلسطینیوں کی 52 املاک کو مسمار کر دیا۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میںبتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے غرب اردن اور القدس میں واقع فلسطینیوں کے 52 مکانات اور دیگر املاک مسمار کی گئی ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ املاک کی مسماری کے نتیجے میں 67 فلسطینی براہ راست بے گھر ہوئے جب کہ 860 فلسطینی بالواسطہ طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ یہ مسماریاں 24 نومبر سے 7 دسمبر کے درمیان کی گئیں۔واضح رہے کہ اانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی طرف سے جاری بیانات اور رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی ریاست نے فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کی کارروائیاں تیز کردی ہیں جب کہ دوسری طرف فلسطینیوں کو مکانات کی تعمیر کی اجازت دینے پرپابندی عائد کر رکھی ہے۔