تل ابیب ۔16اگست (اے پی پی):اسرائیلی صدرآئزک ہرزوگ اور وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نےمغربی کنارے کے شہر نابلس میں یہودی آباد کاروں کے فلسطینیوں پر حملے کی مذمت کی ہے ۔ العربیہ اردو کے مطابق اسرائیلی صدرنے پہلی بار یہودی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر حملے کی مذمت کی ہے جس میں ایک فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہو اہے ۔ اسرائیلی صدر نے ایکس پر لکھا کہ میں جمعرات کی شام کو سامریہ میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہودیوں میں یہ ایک انتہائی چھوٹی سی اقلیت ہے جو قانون پسند آباد کاروں کے لیے نقصان کا باعث بن رہی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے بھی مذمتی بیان میں کہا ہے اس مجرمانہ اقدام کا ذمہ دار جو بھی ہے، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ فلسطینی اتھارٹی کے مطابق 23 سالہ عبدالقادر صدا اس واقعے میں شہیدہوا ہے جبکہ ایک اور فلسطینی سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا ہے۔
یہودی آباد کاروں نے یہ حملہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں جت نامی گاؤں میں کیا ہے۔ مسلح یہودی آباد کاروں نے نابلس کے گاؤں پر حملہ کیا اور کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ درجنوں یہودی جن میں سے کچھ نے ماسک پہنے ہوئے تھے گاؤں کی طرف بڑھے ، انہوں نے حملے کے دوران گاڑیوں اورعمارتوں کو آگ لگائی اور پٹرول، بموں اور پتھروں کا استعمال کیا۔