بیروت ۔4نومبر (اے پی پی):اسرائیلی فوج نےمشرقی لبنان میں بعلبک کا علاقہ خالی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ وہاں اور قریبی گاؤں دوریس میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔العربیہ کے مطابق اسرائیلی فوج کے عربی زبان کے ترجمان افیخائی ادرعی نے بعلبک اور دوریس کے رہائشیوں کو مخاطب کرتے ہوئے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ آپ اس وقت حزب اللہ سے وابستہ تنصیبات اور اثاثہ جات کے قریب موجود ہیں جنہیں اسرائیل کی دفاعی افواج مستقبل قریب میں نشانہ بنائیں گی۔
فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فضائیہ نے لبنان سے اسرائیل کی سرزمین پر داغے گئے کئی گولے روک لیے جبکہ بعض کھلے علاقوں میں گرے۔لبنان کی وزارتِ صحت کے اعداد و شمار پر مبنی اے ایف پی کی تعداد کے مطابق اسرائیل اور لبنان کی مسلح تحریک حزب اللہ کے مابین 23 ستمبر سے ایک مہلک جنگ جاری ہے جس میں لبنان میں 1,900 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ لبنان میں 30 ستمبر کو زمینی کارروائی شروع کرنے کے بعد سے اب تک اس کے 38 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔