شکاگو۔16اکتوبر (اے پی پی):امریکا کے شہر شکاگو میں معمر امریکی شہری نے اپنے کرائے دار 6 سالہ فلسطینی بچے کو فوجی طرز کے خنجر کے پے درپے وار کر کے نہایت بے رحمی سے قتل جبکہ ماں اپنے بچے کو بچانے کی کوشش میں شدید زخمی ہوگی ۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 71 سالہ جوزف زوبا نامی شخص نے اسرائیل اور حماس کی جنگ کے ردعمل میں 6 سالہ فلسطینی بچے ودیعہ الفیوم پر فوجی طرز کے سات انچ پھل والے دندانے دار خنجر کے 26 وار کئے جس سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ اس حملے میں اس کی 32 سال ماں حنان شاہین شدید زخمی ہو گئی ۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شکاگوپولیس نے میڈیا کو بتایا کہ شکاگو سے تقریباً 64 کلومیٹر بجنوب مغرب میں پلین فیلڈ ٹاؤن شپ میں زخمی خاتون کی ایمرجنسی سروس 911 پر شکایت پر 71 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو ملزم گھر کے باہر زمین پر بیٹھا ہوا تھا جس کی پیشانی پر زخم تھا جبکہ مقتول کی لاش اور متاثرہ خاتون اپنے بیڈ روم میں تھے۔پولیس کے مطابق حملہ آور کی طرف سے استعمال کیا جانے والا خنجر بچے کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے دوران اس کے پیٹ سے نکالا گیا۔
ملزم کو پولیس سٹیشن منتقل کرنے سے پہلے علاج کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز ( سی اے آئی آر) شکاگو کے دفتر کے سربراہ احمد ریحاب نے صحافیوں کو بتایا کہ ملزم نے واردات قبل کرایہ داروں کے دروازے پر دستک دی اورخاتون کو گلا دبا کر مارنے کی کوشش کی اور کہا کہ تم مسلمانوں کو مر جانا چاہیے ۔ خاتون قاتل سے اپنے بچے کو چھڑانے کے دوران 911 کو کال کرنے میں کامیاب رہی ۔ وہ 1999 میں امریکا منتقل ہوئی تھیں اور ایک سکول میں ٹیچر ہیں۔
سی اے آئی آر کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاستدانوں، میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پھیلائی جانے والی اسلامو فوبیا سے منسلک بیان بازی اور فلسطین مخالف نسل پرستی کو روکنا چاہیے۔انہوں خبردار کیا کہ اطلاعات کے مطابق مسلمانوں کو دی جانے والی دھمکیوں میں اضافہ دیکھ ہو رہا ہے اور ہمیں چوکنا رہنا ہوگا ۔
بی بی سی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اس واقعہ پر گہرے رنج و غم کو اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ امریکی معاشرے میں ایسے گھنائونے نفرت آمیز اقدام کی کوئی جگہ نہیں اور یہ ہماری بنیادی اقدار کے خلاف ہے۔ انہوں نے امریکی شہریوں نے اسلامو فوبیا ، تعصب اور دوسروں سے نفرت کو ترک کرنے کی اپیل کی۔