لبنان کے صدر جنرل جوزف عون نے کہا ہے کہ اسرائیل اس فریم ورک معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، جو واشنگٹن میں لبنان، امریکا اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں طے پایا تھا۔
اسرائیل فریم ورک معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، لبنانی صدر

مزید خبریں
بیروت۔4ستمبر (اے پی پی):لبنان کے صدر جنرل جوزف عون نے کہا ہے کہ اسرائیل اس فریم ورک معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، جو واشنگٹن میں لبنان، امریکا اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں طے پایا تھا۔
العربیہ اردو کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نیدرلینڈز کے وزیر برائے بیرونی تجارت و ترقیاتی تعاون شیورد سیوردسما سے ملاقات کے دوران کہی، ملاقات میں لبنان اور خطے کی سیاسی و سکیورٹی صورتحال کے علاوہ لبنان اور نیدرلینڈز کے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ لبنان کے صدر نے کہا کہ اسرائیل مسلسل بمباری، جنوبی علاقوں میں قابض دیہات کی تباہی اور گھروں و املاک کو مسمار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی فوج ان علاقوں میں اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر انجام دے رہی ہے، جہاں یہ دوبارہ تعیناتی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس کوئی بھی بات فوج کو بدنام کرنے، اس کے کردار پر شک پیدا کرنے اور سیاسی قیادت کے فیصلوں سے اس کی وابستگی پر سوال اٹھانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی لبنان کی تعمیر نو ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن اسرائیلی قبضہ جاری رہنے کی صورت میں یہ عمل ممکن نہیں۔ انہوں نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (یو این آئی ایف آئی ایل ) کی موجودگی برقرار رکھنے پر بھی لبنان کے اصرار کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو این آئی ایف آئی ایل اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اگر اس کے مینڈیٹ میں توسیع ممکن نہ ہوئی تو لبنان کسی بھی دوست یا برادر ملک کا خیرمقدم کرے گا، جویو این آئی ایف آئی ایل کی ذمہ داریاں جاری رکھنے خصوصاً لبنانی فوج اور جنوبی علاقوں کے باشندوں کو انسانی، سماجی، طبی اور تعلیمی شعبوں میں معاونت فراہم کرنے میں مدد کرنا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی موجودگی کے لیے قانونی طریقہ کار طے کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ لبنان کی وزارتِ صحت نے حال ہی میں بتایا تھا کہ جنگ میں مجموعی طور پر 4353 افراد جاں بحق اور 12323 زخمی ہو چکے ہیں۔







