امریکا کی ملٹی نیشنل ٹرانسپورٹیشن کمپنی اوبر نے برطانیہ کی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کمپنی ’’ویو‘‘ کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے کے بعد لندن میں اپنی پہلی خود کار ٹیکسیوں (روبوٹیکسی) کا آغاز کر دیا ہے۔
مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’’ویو‘‘ اور ’’اوبر‘‘نے لندن میں پہلی خود کار گاڑیوں کا آغاز کر دیا
لندن۔4ستمبر (اے پی پی):امریکا کی ملٹی نیشنل ٹرانسپورٹیشن کمپنی اوبر نے برطانیہ کی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کمپنی ’’ویو‘‘ کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے کے بعد لندن میں اپنی پہلی خود کار ٹیکسیوں (روبوٹیکسی) کا آغاز کر دیا ہے۔
العربیہ اردو کے مطابق دونوں کمپنیوں نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ لندن کے شہری اوبر کی ایپ کے ذریعے خود کار گاڑیوں میں سفر کر سکیں گے ۔ تاہم حفاظتی مقاصد کے پیش نظر ہر گاڑی میں ایک انسانی ڈرائیور موجود ہو گا جو ضرورت پڑنے پر گاڑی کا سٹیئرنگ سنبھال سکے گا۔ دونوں کمپنیوں نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر برقی فورڈ مستنگ مَک-ای گاڑیوں پر مشتمل ایک ’’مختصر بیڑے‘‘ کو چلا رہی ہیں، جن میں ’’ویو‘‘ کی مصنوعی ذہانت پر مبنی خود کار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی نصب ہے۔ اوبر نے کہا کہ ایک لاکھ 40 ہزار سے زیادہ لندن کے شہریوں نے اوبر کی سمارٹ ٹرانسپورٹ ایپ کے ذریعے خود کار گاڑیوں کے استعمال کو ترجیح دینے کا اظہار کیا ہے۔
ٹرانسپورٹ فار لندن نے گزشتہ ماہ خود کار گاڑیوں میں استعمال کے لیے چھوٹی ٹیکسیوں کے لائسنس جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔ یاد رہے کہ ’’ویو‘‘ کمپنی کی بنیاد 2017ء میں کیمبرج یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے دو طلبہ نے رکھی تھی۔ لندن دنیا کا پہلا شہر ہو گا جہاں تجارتی سفری خدمات کے لیے اس کمپنی کی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔









