معذور افراد کی فلاح و بہبود صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈی جی میر سیف اللہ کھتیران

ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان سیف اللہ کھیتران نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت معذور افراد کی بحالی، خودانحصاری، بااختیاری اور انہیں معاشرے کا فعال و باوقار حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے

کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان سیف اللہ کھیتران نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت معذور افراد کی بحالی، خودانحصاری، بااختیاری اور انہیں معاشرے کا فعال و باوقار حصہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان کی جانب سے مستحق معذور افراد کو نقل و حرکت میں آسانی فراہم کرنے کے لیے سکوٹیز (مخصوص موٹر سائیکلوں) اور ٹرائی سائیکلوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ،ان خیالا ت کااظہارانہوں نے معزور افراد میں ٹرائی موٹرسائیکل ویلفیئر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر و پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی کی خصوصی ہدایات اور رہنمائی میں محکمہ سوشل ویلفیئر معذور افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف عملی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر سیف اللہ کھیتران نے کہا کہ سکوٹی اور ٹرائی سائیکل کی فراہمی کا مقصد معذور افراد کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا، ان کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور انہیں خودانحصاری کی جانب گامزن کرنا ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ زندگی کے امور زیادہ آسانی سے انجام دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہ معاشرے کے مستحق اور خصوصی افراد کو ان کا حق بلا تفریق فراہم کیا جائے اور انہیں باعزت، باوقار اور خودمختار زندگی گزارنے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔سیف اللہ کھیتران نے کہا کہ معذور افراد کی فلاح و بہبود صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے معاشرے کے تمام طبقات کو خصوصی افراد کی بحالی، تعلیم، روزگار اور خودانحصاری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر بلوچستان مستقبل میں بھی معذور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ انہیں معاشرے کا بااختیار، متحرک اور فعال حصہ بنایا جا سکے۔