لودھراں، ملتان روڈ منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہوگیا ہے۔
لودھراں ملتان روڈ منصوبے پر عملی پیش رفت 51 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و بحالی ہوگی، کمشنرملتان

مزید خبریں
ملتان ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):لودھراں، ملتان روڈ منصوبے پر عملی پیش رفت کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس حوالے سے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہو، جس میں منصوبے کی تعمیر و بحالی، یوٹیلٹیز کی منتقلی، ٹریفک مینجمنٹ اور تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ طویل عرصے سے خراب لودھراں، ملتان روڈ کی تعمیر و بحالی شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے، منصوبے کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان، وہاڑی روڈ منصوبے کی طرح لودھراں، ملتان روڈ منصوبے کی پیش رفت کا بھی تسلسل سے جائزہ لیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے واضح ڈیڈ لائن مقرر کی جائے اور تعمیراتی کام میں غیرضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر نے بجلی کے کھمبوں، گیس لائنوں، آپٹیکل فائبر اور کیمرا پولز سمیت تمام یوٹیلٹیز کی منتقلی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے تعمیراتی کام کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، مناسب ڈائیورژن اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے تعمیراتی مقامات پر گردوغبار کے خاتمے کے لیے باقاعدگی سے سپرنکلنگ کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لودھراں، ملتان روڈ منصوبہ دو پیکیجز پر مشتمل ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 51 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و بحالی ہوگی۔ لودھراں سے بستی ملوک تک 29 کلومیٹر جبکہ بستی ملوک سے ملتان تک 22 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ پیکیج ون میں روڈ کی اپ گریڈیشن جبکہ پیکیج ٹو میں سڑک کی بحالی، سائیڈ ڈرین اور نیو جرسی بیریئرز کی تعمیر شامل ہے۔
بریفنگ کے مطابق پیکیج ون پر کنٹریکٹر موبلائز، کیمپ آفس اور میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کردی گئی ہے جبکہ سروے، سکارفیکیشن، سب بیس اور ایگریگیٹ بیس کورس سمیت دیگر تعمیراتی کام جاری ہیں۔ پیکیج ون میں تعمیراتی حدود میں آنے والے 52 بجلی کے کھمبوں میں سے 20 جبکہ پیکیج ٹو میں 139 میں سے 71 بجلی کے کھمبے منتقل کیے جاچکے ہیں۔ اجلاس میں ملتان و لودھراں کے ضلعی افسران، واسا، میپکو، این ایچ اے اور موٹر وے کے افسران نے شرکت کی۔








