بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو سال کے دوران 133 ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کی ،وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت منشیات کے خلاف جنگ میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں

کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت منشیات کے خلاف جنگ میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے، نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں 133 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات ضبط اور تلف کی گئی ہے، جو منشیات کے خلاف حکومت کے پختہ عزم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موثر کارکردگی کا مظہر ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1,638 کلوگرام آئس (کرسٹل) اور 620 کلوگرام چرس قبضے میں لے کر تلف کی گئی، جبکہ بلوچستان میں گزشتہ دو سال کے دوران 27 ہزار سے زائد غیر ملکی شراب اور بیئر کی بوتلیں اور کین بھی ضبط کرکے تلف کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منشیات کے خلاف جاری کارروائیاں محض قانون نافذ کرنے کی سرگرمی نہیں بلکہ صوبے کی نوجوان نسل اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کی ایک جامع کوشش ہے۔ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے انسدادِ منشیات کے اقدامات کو مزید موثر بنانے کے ساتھ ساتھ اس کے سماجی اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے گا اور منشیات کی ترسیل، فروخت اور استعمال کے خلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے گی ۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ منشیات سے پاک بلوچستان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان ایک محفوظ، صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہے، جہاں نوجوان اپنی توانائیاں تعلیم، ہنر، کھیل اور مثبت سرگرمیوں میں بروئے کار لا سکیں۔