اسرائیل نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران ایرانی عہدیداروں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ، امریکی اخبارات کا انکشاف

معروف امریکی اخبارات نیو یارک ٹائمزاور واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز میں امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لئے مذاکرات کے دوران اسرائیل نے ایرانی عہدیداروں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا

نیویارک ۔3جولائی (اے پی پی):معروف امریکی اخبارات نیو یارک ٹائمزاور واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز میں امریکا اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لئے مذاکرات کے دوران اسرائیل نے ایرانی عہدیداروں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا ، تاہم امریکا نے مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ذریعے ایران کو اس خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیل نےایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ملک کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف، جو ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر بھی ہیں کو قتل کرنے پر اپنی نگاہیں مرکوز کر رکھی تھیں ۔

الجزیرہ کے مطابق واشنگٹن پوسٹ کو امریکی حکام نے بتایا کہ ان کے خیال میں اسرائیلی امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنے والوں اور عملیت پسند لوگوں کو مارنا چاہتے تھے۔ نیویارک ٹائمز سے بات کرنے والے امریکی حکام نے کہا کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ کے ممالک سے کہا کہ وہ ایران کو اس اسرائیلی خطرے سے خبردار کریں۔اسرائیل علاقائی تنازعات کے خاتمے کے لیے مذاکرات کو پٹری سے اتارنے کی کوشش میں مذاکرات کاروں کو نشانہ بنانے کی کئی کوششیں کر چکا ہے۔ اس کی ایک واضح مثال گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیلی فوج کا دوحہ میں کیاجانے والا حملہ ہے جس میں اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی تجاویز کا جائزہ لینے کے دوران فلسطینی نمائندوں کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی گئی تھی۔