ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ کی زیر صدارت اجلاس، کنٹرول روم کی کارکردگی و مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز پر رسپانس کا جائزہ لیا

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،

مانسہرہ۔ 03 جولائی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس کے دوران کنٹرول روم کی مجموعی کارکردگی، ایمرجنسی کالز کے بروقت اندراج، کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا مینجمنٹ، رسپانس ٹائم، وسائل کے موثر استعمال اور مختلف نوعیت کی ایمرجنسیز پر فوری اور مربوط رسپانس کا جائزہ لیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی نے ہدایت کی کہ ضلع مانسہرہ میں پیش آنے والی میڈیکل ایمرجنسیز، ٹریفک حادثات، آتشزدگی، ڈوبنے کے واقعات، لینڈ سلائیڈنگ، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات میں موصول ہونے والی ہر کال پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کم سے کم وقت میں بہترین ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم ریسکیو 1122 کا مرکزی اعصابی نظام ہے، لہٰذا تمام ریسکیو اہلکار انتہائی ذمہ داری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے ایمرجنسی ریکارڈ کی درستگی، بروقت رپورٹنگ، موثر رابطہ کاری اور تمام ریسکیو سٹیشنز کے ساتھ مسلسل ہم آہنگی برقرار رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی۔ اجلاس کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریسکیو 1122 مانسہرہ عوام کو بروقت، معیاری اور موثر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج، کنٹرول روم سٹاف، کمپیوٹر آپریٹرز اور کمیونیکیشن اہلکاروں نے شرکت کی۔