ریاض ۔31اکتوبر (اے پی پی):سعود ی عرب نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے ریاست فلسطین کا قیام پہلی شرط ہے۔
العربیہ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کے اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے ریاست فلسطین کا قیام پہلی شرط ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مملکت غزہ میں جنگ کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
انہوں نے اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی میں جاری نسل کشی کو مسترد کرتے ہوئے ’انروا‘ کے لیے مملکت کی ہرممکن حمایت کی یقین دہانی کرائی۔سعودی وزیر خارجہ نے لبنان اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ بڑے مغربی اور مشرقی ممالک ہیں جنہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی سمت میں بات کرنا شروع کر دی ہے۔