اسسٹنٹ ڈائریكٹرمحکمہ زراعت سمبڑیال كی کاشتکاروں کو ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی جاری رکھنے کی ہدایت

149
Summer Vegetables
Summer Vegetables

سمبڑیال۔ 10 فروری (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریكٹرمحکمہ زراعت سمبڑیال ڈاكٹر افتخار احمد وڑائچ نے کاشتکاروں کو ٹنل کے اندر لگائی گئی سبزیوں کی آبپاشی اور کھاد کا استعمال جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔اسسٹنٹ ڈائریكٹرمحکمہ زراعت نے کہاہے کہ کاشتکار بوقت ضرورت اسپرے بھی کریں ،سپرے کرنے اور کھاد ڈالنے کے بعد ٹنل کامنہ بند نہ کیاجائے تاکہ گیس پیداہونے سے فصل کو نقصان نہ پہنچے۔انہوں نے کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے بتایا کہ ٹنل ٹیکنالوجی کے ذریعے سبزیاں کاشت کرنے والے کاشتکار دن کے وقت تقریباً صبح 9بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ٹنل کے منہ کو دونوں اطراف سے کھلا رکھیں تاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی پیدانہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ٹنل کے اندر زیادہ نمی مختلف بیماریوں کو جنم دے سکتی ہے، ٹنل میں ہوا خارج کرنیوالا ایگزاسٹ فین بھی لگادینا چاہیے تاکہ نمی کو خارج کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ مناسب درجہ حرارت15سے30ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے ،کاشتکار ٹنل کا درجہ حرارت مناسب رکھنے کیلئے بھی اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹنل كے اندر كانٹ چھانٹ اور گوڈی كا بھی خاص خیال ركھیں اور مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ كریں یا ہیلپ لائن سے مدد لیں۔