ہری پور۔ 15 اگست (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر غازی فضہ محسن کی زیر نگرانی سب ڈویژن غازی میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صفائی مہم کے تحت مختلف سرکاری دفاتر، ہسپتالوں، سکولوں، پبلک پارکس، روڈ، ٹرانسپورٹ اڈوں اور دیگر عوامی جگہوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی جائے گی جس کی مکمل نگرانی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
قبل ازیں سب ڈویژن غازی میں اسسٹنٹ کمشنر غازی فضہ محسن کی سربراہی میں جشن آزادی پاکستان کے حوالہ سے ٹی ایم اے آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تحصیل چیئرمین تحصیل غازی، ٹی ایم او غازی، تحصیل دار غازی، ایڈمن آفیسر ٹی ایم اے غازی، ٹی او آئی، گرداور سرکلز غازی اور ایس ڈی سی، وی سی چیئرمین، وی سی سیکریٹریز، جملہ پٹواریان تحصیل غازی، ٹی ایم اے سٹاف غازی، ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ اور لائن ڈیپارٹمنٹس نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا، قومی ترانہ اور پرچم کشائی کی گئی۔ گورنمنٹ ہائی سکول غازی کے سٹوڈنٹس نے ملی نغمہ گایا۔ ٹی ایم اے لان میں پودا لگایا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام میں ریلی بھی نکالی گئی۔