کوئٹہ۔ 25 فروری (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری نے محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کی زیرِ نگرانی شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کنزرویٹر جنگلات یار محمد دشتی، جی ڈی اے اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عفان فائق زادہ، جی ڈی اے انوائرمنٹ آفیسر حمل دشتی، نادل بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
محکمہ جنگلات کے تحت اس مہم کے دوران ضلع کے مختلف مقامات پر درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کا مقصدماحولیاتی بہتری، آکسیجن کی فراہمی اور گوادر کو سرسبز و شاداب بنانے کے عزم کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
شجرکاری مہم میں جی ڈی اے اسپتال کے عملے اور دیگر شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، پودے لگائے اور سبز انقلاب کے لیے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر میر جواد احمد زہری اور ڈپٹی کنزرویٹر محکمہ جنگلات یار محمد دشتی نے درختوں کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درخت زمین کے پھیپھڑے ہیں جو نہ صرف فضائی آلودگی کے خلاف قدرتی ڈھال ہیں بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، جنگلی حیات کے تحفظ اور آئندہ نسلوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کو اپنی ذمہ داری سمجھیں تاکہ یہ تناور درخت بن کر ماحول کو سازگار بنا سکیں۔ شجرکاری مہم کے تحت مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ گوادر کے قدرتی حسن کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے ماحولیاتی اعتبار سے ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566308