پشاور۔ 16 نومبر (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) کے رہبر اسفندیار ولی خان نے سینیٹر الیاس احمد بلور کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اے این پی کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سینیٹر الیاس بلور کی وفات نہ صرف بلور خاندان بلکہ پوری قومی تحریک کےلیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔انہوں نے اپنی زندگی کو عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کے لیے وقف کیا تھا۔
انہوں نے اپنی دیانتداری، وفاداری اور قربانیوں کی بدولت قومی تحریک کے ہر مرحلے میں اہم کردار ادا کیا۔ الیاس بلور نے مشکل ترین حالات میں بھی پارٹی کے ساتھ جرات اور بہادری سے اپنی وابستگی کو برقرار رکھا۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ آمریت ہو یا دہشتگردی کے خلاف جنگ الیاس بلور اور ان کے خاندان کے عزم اور حوصلے میں ذرا بھی فرق نہیں آیا۔
الیاس بلور کی وفات سے پشاور کی سیاست میں ایک عظیم خلا پیدا ہوگیا ہے جسے پر کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ اصولوں کی پاسداری اور قوم پرستی کی سیاست میں ان کی قربانیاں زریں الفاظ میں یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔