اسلامو فوبیا کا بڑھتا ہوا رجحان ایک سنگین معاملہ ہے ، شاہ محمود قریشی وزیر خارجہ کی ترکی کے عالمی نیوز چینل ”ٹی آر ٹی ورلڈ“ سے بات چیت

92

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کا بڑھتا ہوا رجحان ایک سنگین معاملہ ہے جو راتوں رات پروان نہیں چڑھا۔ وہ گذشتہ روز یہاں اسلامی ممالک کی تنظیم کے اسلامو فوبیا کے حوالہ سے اجلاس کے بعد ترکی کے عالمی نیوز چینل ”ٹی آر ٹی ورلڈ“ سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سے قبل مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کیلئے توہین آمیز خاکے استعمال کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی تعریف مخصوص انداز میں کی گئی ہے جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو موثر انداز میں دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی غیر مسلم دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث ہوتا ہے تو یہ کہا جاتا ہے کہ یہ اس کا انفرادی فعل ہے لیکن جب کوئی مسلمان کسی ایسے واقعہ میں ملوث ہو تو اسے اسلام سے منسلک کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں میڈیا موثر کردار ادا کر سکتا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا بھی ذمہ دارانہ انداز میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اور مسلم امہ میں اتحاد نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرائسٹ چرچ کے حملہ کے معاملہ کے جذباتی اور حساس پہلو کو بہترین انداز میں نمٹایا۔ نیوزی لینڈ کے عوام نے بھی مسلمانوں کا دفاع کیا اور کرائسٹ چرچ واقعہ کے متاثرین کیلئے رضاکارانہ طور پر فنڈ ریزنگ کی اور مساجد کا تحفظ کیا۔