اسلامی تعاون تنظیم کی ساتویں سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کامسٹیک میں اختتام پذیر ، 2036 تک نئے روڈ میپ پر اصولی اتفاق کیا گیا

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن ایجنڈا 2026 کے نفاذ سے متعلق ساتویں سٹیئرنگ کمیٹی کا 2 روزہ اجلاس او آئی سی کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے 2019 سے سٹیئرنگ کمیٹی کے عمل کے ارتقا کا ذکر کرتے ہوئے اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں …

اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )کے سائنس، ٹیکنالوجی اور انوویشن ایجنڈا 2026 کے نفاذ سے متعلق ساتویں سٹیئرنگ کمیٹی کا 2 روزہ اجلاس او آئی سی کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اس موقع پر کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے 2019 سے سٹیئرنگ کمیٹی کے عمل کے ارتقا کا ذکر کرتے ہوئے اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے صلاحیت سازی، تحقیقی اشتراک، جدت طرازی کے فروغ اور ادارہ جاتی استحکام میں پیشرفت کو سراہا تاہم رکن ممالک میں نفاذ کی صلاحیتوں کے تفاوت کو ایک چیلنج قرار دیا۔او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سائنس و ٹیکنالوجی آفتاب احمد کھوکھر نے بغداد میں منعقد ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 53ویں اجلاس سے قبل جامع عملدرآمد رپورٹ کی تیاری پر زور دیا۔

انہوں نے رپورٹ کے دائرہ کار، طریقہ کار اور ٹائم لائن کو واضح کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے 2026 کے بعد زیادہ مربوط اور نتیجہ خیز ماڈل کے تحت ایس ٹی آئی فریم ورک کو توسیع دینے کی تجویز دی۔ اجلاس کے دوسرے روز کامسٹیک کی جانب سے پیش کئے گئے شماریاتی جائزے میں بتایا گیا کہ او آئی سی رکن ممالک میں بین الاقوامی پیٹنٹس کی تعداد میں 27 فیصد اضافہ، تحقیقی اشاعتوں میں چار گنا اضافہ اور عالمی جامعات کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے تاہم شرکا نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، خصوصاً مصنوعی ذہانت کے میدان میں بڑھتے ہوئے تکنیکی فرق پر تشویش کا اظہار کیا۔سٹیئرنگ کمیٹی نے طے کیا کہ او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ رکن ممالک سے ایجنڈا 2026 کے نفاذ سے متعلق باضابطہ آرا حاصل کرے گا۔

مزید برآں کامسٹیک اور ترکیہ میں موجود او آئی سی کا ذیلی ادارہ ، معاشی و سماجی تحقیق اور تربیتی مرکز برائے اسلامی ممالک (سیسریک) مشترکہ طور پر ایک جامع اور اعدادوشمار پر مبنی جائزہ رپورٹ تیار کریں گے تاکہ شواہد کی بنیاد پر تجزیہ کیا جا سکے اور دہرانے کے عمل سے بچا جا سکے۔اجلاس میں اصولی طور پر ایک نئے10سالہ فریم ورک ’’او آئی سی ایس ٹی آئی ایجنڈا 2036‘‘ کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ مجوزہ فریم ورک او آئی سی پروگرام آف ایکشن (2035۔2026 ) سے ہم آہنگ ہوگا اور اسے زیادہ مرکوز، منصوبہ جاتی اور قابلِ پیمائش حکمت عملی کے تحت تیار کیا جائے گا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سٹیئرنگ کمیٹی کا آٹھواں اجلاس بلایا جائے گا جس سے قبل آن لائن مشاورتی اجلاس منعقد کئے جائیں گے تاکہ حتمی رپورٹ متعلقہ او آئی سی فورم کو پیش کی جا سکے۔