وزیراعظم شہباز شریف اور سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ کے ایک دوسرے کو تہنیتی خطوط ، متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف اور سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ کے ایک دوسرے کو تہنیتی خطوط ، متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):پاکستان اور سنگاپور نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور ماحولیاتی اقدامات سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ نے ایک دوسرے کو تہنیتی خطوط ارسال کیے ہیں جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کے درمیان بھی تہنیتی پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے ۔

دونوں رہنمائوں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی۔ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات باضابطہ طور پر 17 اگست 1966ء کو قائم ہوئے تھے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خط میں کہا کہ گزشتہ چھ دہائیوں کے دوران پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دوستی باہمی احترام، خیرسگالی اور دولت مشترکہ کی روح پر مبنی رہی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم ہوئی ہے۔ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔انہوں نے دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوطرفہ سطح کے ساتھ ساتھ آسیان ، دولت مشترکہ اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے سنگاپور کے ہم منصب کے لیے صحت، خوشی اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ سنگاپور کے دوست عوام کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کی دعا کی۔وزیراعظم لارنس وونگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک گزشتہ چھ دہائیوں سے باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی گرمجوش اور دوستانہ تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے 1965ء میں سنگاپور کی آزادی کے بعد اسے تسلیم کیا جبکہ دونوں ممالک نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر بھی تعاون کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارت میں سہولت کاری، ڈیجیٹل معیشت، عوامی روابط اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کے نام اپنے پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ اہم سنگ میل پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات میں نئی توانائی پیدا کرنے کا بروقت موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے سنگاپور کے ساتھ قریبی کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، بالخصوص ڈیجیٹل معیشت، موسمیاتی اقدامات، فن ٹیک اور جدت جیسے تیزی سے ترقی کرنے والے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔اسحاق ڈار نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کو اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کے لیے اسلام آباد کا باضابطہ دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ کی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان عملی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گی۔سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے عوامی سطح پر مضبوط روابط، استعداد کار میں اضافے اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں جاری تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو بدلتے ہوئے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی مفاد کی خاطر مل کر کام جاری رکھنا چاہیئے۔

مزید خبریں