پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی بہترین اور شاندار تیاریوں کے لیے جامع حکمت عملی وضع کر لی
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملائیشیا میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی بہترین اور شاندار تیاریوں کے لیے جامع حکمت عملی وضع کر لی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں 20 نومبر 2026سے 28 نومبر 2026تک کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی بہترین اور شاندار تیاریوں کے لیے جامع حکمت عملی وضع کر لی ہے۔ ٹورنامنٹ کی تیاریوں اور حتمی سکواڈ کی شفاف سلیکشن کے لیے ملک بھر سے انڈر 18، جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو 30 اکتوبر کو نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم، اسلام آباد میں مدعو کر لیا گیا ہے۔
مزکورہ کیمپ سے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل تین پول بنائے جائیں گے۔ جس میں تینوں فارمیٹس کے کھلاڑیوں کو پول میں تقسیم کرکے انکی تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لیکر منتخب کیا جائے گا۔پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر ٹیلنٹ کو موقع فراہم کیا جا رہا ہے، جہاں ملک بھر کے تمام قابل اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اس ٹریننگ کیمپ میں شرکت کا موقع ملے گا۔ فیڈریشن کے حکام کے مطابق، کیمپ کا مقصد ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو سینئر سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے ایک مساوی اور یکساں پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
ٹریننگ کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس، تکنیکی مہارت اور کھیل کی حکمت عملیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد میرٹ کی بنیاد پر سلطان اذلان شاہ کپ کے لیے حتمی قومی ہاکی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے ایسی متوازن ٹیم تشکیل دی جائے گی جو بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکے۔








