اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں دو روزہ اجلاس منگل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔ اجلاس کا موضوع "اتحاد، انصاف اور ترقی کے لئے شراکت داری” ہے۔
اجلاس میں او آئی سی کے رکن ملکوں اور مبصرممالک کے وزراءخارجہ اوراعلیٰ سطح کے وفود شرکت کررہے ہیں۔ یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان،
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اور رکن ممالک کے وزراءخارجہ، مندوبین اور وفود شرکت کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزرا خارجہ اجلاس میں مسلم امہ کو درپیش مسائل، بین الاقوامی صورتحال،
او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان یکجہتی، عالمی و علاقائی امن اور ترقی پر غور کیاجائے گا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کی کانفرنس میں فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیاجائے گا۔ اجلاس میں افغانستان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ اسلاموفوبیا اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سمیت دیگر امور پر بھی غورکیاجائے گا اور اس حوالے سے لالحہ عمل وضع کیا جائے گا۔
دو روزہ اجلاس میں بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں وکشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بے دریغ اورسنگین پامالیوں کاجائزہ لیاجائے گا۔ اوآئی سی وزراء خارجہ اجلاس کے شرکاء یوم پاکستان کے موقع پر(کل) بدھ کو پریڈ گراونڈ میں پاکستان ڈے پریڈ کا بھی مشاہدہ کریں گے، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، وزرائے خارجہ کے اجلاس میں متعدد قراردادیں بھی پاس کی جائیں گی۔
او آئی سی کے وزراء خارجہ کے کونسل اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیاجائےگا۔ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں او آئی سی کے وزراء خارجہ کے کونسل کا 48 واں اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سے قبل گزشتہ سال دسمبر میں افغانستان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کا ایک غیرمعمولی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا۔