اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سپورٹس گالا 2023 ء کے سلسلے میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں فیکلٹی آف لینگویجز اینڈ لٹریچر نے فیکلٹی آف منیجمنٹ سائنسز کو ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا جبکہ فٹ بال مقابلوں میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے فیکلٹی آف عربی کو شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں جاری سپورٹس گالا میں کرکٹ اور فٹ بال سمیت 30 سے زائد کھیلوں کے مقابلوں میں ایک ہزار کے قریب طلباء شرکت کر رہے ہیں۔
کرکٹ میچ میں آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کے سربراہ صدیق انظر، سینئر سپورٹس جرنلسٹ زاہد فاروق ملک اور ایپنک کے سید مجتبیٰ رضوان نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔صدیق انظر نے اس موقع پر کہا کہ جامعہ میں سپورٹس گالا ایک قابل ذکر ایونٹ ہے ، کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے کیونکہ یہ نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔ زاہد فاروق ملک نے میچ کے کمنٹیٹر کے فرائض بھی انجام دیئے،
انہوں نے کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔قبل ازیں فٹبال میچ کے مہمان خصوصی فٹسال ایسوسی ایشن کے صدر صحافی سجاد قمر نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ذریعے جیتنے والی فیکلٹی کو ٹریننگ دینے کا موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے تعلیم اور عملی زندگی میں کھیلوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر ڈاکٹر غفران علی خان ایڈوائزر سٹوڈنٹس اور ڈاکٹر محمد خالد چوہدری انچارج سپورٹس بھی موجود تھے۔