اسلام آباد، خیبر پختو نخوا، پوٹھوہار اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات

اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) محکمہ موسمیات نے جمعہ اور ہفتہ کو اسلام آباد، خیبر پختو نخوا، پوٹھوہار اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ موسلادھار بارشوں سے ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، ڈی آئی خان، بنوں، کرک، وزیرستان، دیر، مالاکنڈ، سوات، پشاور، مردان، ہزارہ اورکشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے، موسلادھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے کشمیر، گلگت، مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ کی پہاڑی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ غیر معمولی بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہواﺅں سے خیبر پختو نخوا اور بالائی پنجاب میں گندم کی فصل کو جزوی نقصان کا خدشہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختو نخوا، اسلا م آباد، پنجا ب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہواﺅں کے سا تھ بارش کی توقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش/ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا اور شما ل مشرقی بلوچستان میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ موسلادھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ جبکہ بالائی سندھ میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، بالائی اور جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے بعض اضلاع اور اسلام آباد میں تیز ہواﺅں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ اس دوران بارکھان میں 34 ملی میٹر، قلات 2، کوٹ ادو 17، ڈی جی خان 14، ملتان 12، اسلام آباد 10، بھکر 8، راولپنڈی 5، لیہ 5، بہاولپور 4، اٹک، نورپورتھل 3، فیصل آباد 2، ساہیوال، مری اور جوہرآباد ایک، پاراچنار 15، بنو ں11، کاکول، بالاکوٹ 4، چراٹ، ڈی آئی خان 2، مظفرآباد 6 اور گڑھی دوپٹہ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جمعرات کو ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق استور میں درجہ حرارت منفی 3، کالام منفی 2، گو پس اور سکردو میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔