گورنر سندھ سے سندھ فوڈ ایوارڈز 2026جیتنے والے ریسٹورنٹس مالکان کے وفد کی ملاقات

گورنر سندھ سے سندھ فوڈ ایوارڈز 2026جیتنے والے ریسٹورنٹس مالکان کے وفد کی ملاقات

کراچی۔ 27 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سندھ فوڈ ایوارڈز 2026جیتنے والے ریسٹورنٹس مالکان کے وفد نے گورنر ہائو س میں ملاقات کی ، وفد کی قیادت سید اویس نقوی نے کی۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے سندھ فوڈ ایوارڈز 2026حاصل کرنے والے ریسٹورنٹس مالکان اور فوڈ انڈسٹری سے وابستہ دیگر افراد کو مبارکباد دی۔اس موقع پرگورنر سندھ نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری میں صفائی، حفظانِ صحت اور معیاری خدمات کے اعلی معیار کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

کچن اور فوڈ اسٹاف کو صفائی، ہائجین اور صحت کے بنیادی اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس میں صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اعلی معیارات پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ فوڈ انڈسٹری سے وابستہ افراد پاکستان کی ثقافت، روایات، مہمان نوازی اور مثبت تشخص کے سفیر ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری کے فروغ سے روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے فوڈ انڈسٹری اور ریسٹورنٹس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ریسٹورنٹس مالکان اور فوڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے گورنر سندھ سے ریسٹورنٹس کو باقاعدہ انڈسٹری کا درجہ دینے اور کاروباری مشکلات کے خاتمے کے لیے اقدامات کی درخواست کی۔