اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):سپیکر سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی شوریٰ کونسل کے وفد نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ منگل کو مہمانوں کی گیلری میں آمد پر سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کے سربراہ میجر جنرل (ر) ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن سنہت الحربی سمیت دیگر ارکان کا تعارف کرایا اور آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اراکین قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مستحکم تعلقات ہمیشہ سے بھائی چارے اور باہمی احترام پر مبنی رہے ہیں،
سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہم ایک قوم ہیں، ہم خانہ کعبہ اور روضہ رسولۖ پر حاضری دیتے ہیں جہاں ہماری خدمت کی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم تاحیات اپنے برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے شکر گزار رہیں گے۔