اسلام آباد، 4 ہزار پولیس اہلکار 10ویں محرم کے موقع پر سیکیورٹی کیلئے متحرک

56

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے 10 محرم الحرام کے لیے ہائی الرٹ سیکیورٹی پلان تشکیل دیاہے، وفاقی دارالحکومت میں 4 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ اس یوم عاشورہ کے 12 جلوسوں اور 48 مذہبی اجتماعات کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اسلام آباد پولیس حکام نے کہا ہے کہ آئی جی سید علی ناصر رضوی ضلع بھر میں سیکیورٹی کے تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں، جس میں ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایس پیز سمیت سینئر افسران سیکورٹی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

آئی جی نے کہا ہے کہ جلوسوں اور مجالس کو محفوظ بنانے کے لیے اسلام آباد بھر میں کل 57 سیکیورٹی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور عوام کی مدد کے لیے 300 سے زائد ٹریفک افسران کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

آئی جی سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ سیف سٹی سرویلنس، باڈی کیمروں، ڈرونز کے ساتھ ساتھ موبائل اور سنٹرل دونوں کنٹرول رومز کے ذریعے تمام سکیورٹی آپریشنز کی نگرانی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بھر میں 9 محرم تک 76 جلوسوں اور 498 مجالس کی سیکیورٹی کے انتظامات پہلے ہی کامیابی سے کیے جا چکے ہیں۔آئی جی نے کہا کہ سخت موسمی حالات کے باوجود اسلام آباد پولیس کا ہر افسر اور اہلکار اپنی ذمہ داریوں میں پرعزم اور انتہائی حوصلہ افزا ہے۔