اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسلام آباد بیس بال ٹیم کے چنائو کے سلسلہ میں ایک روزہ ٹرائلز آئندہ ہفتے ہوں گے۔اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری طاہر محمود پاپا نے بتایا کہ ٹرائلز کی باقاعدہ تاریخ کا اعلان آئندہ ایک دو روز میں کردیا جائے گا، منتخب ٹیم آئندہ ماہ 8 سے 15 فروری تک گوجرانوالہ میں کھیلی جانے والی قومی بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ چیمپئن شپ میں مختلف ڈیپارٹمنٹس کے علاوہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں طاہر محمود پاپا نے کہا کہ ٹرائلز میرٹ کی بنیاد پر منعقد ہوں گے اور اسلام آباد کی مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی۔