اسلام آباد حملے کے بعد سری لنکا ٹیم کا پاکستان میں کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ ،سینیٹ میں سری لنکن حکومت اور کرکٹ بورڈ کے حق میں اظہار تشکر کی قرارداد منظور

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):اسلام آباد حملے کے بعد بھی سری لنکا کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں شیڈول میچز کھیلنے کا فیصلہ برقرار رکھاہے جس پر سینیٹ آف پاکستان نے سری لنکن حکومت، کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے جذبہ یکجہتی پر شکریہ اور تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں یہ قرارداد وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے …

اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):اسلام آباد حملے کے بعد بھی سری لنکا کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں شیڈول میچز کھیلنے کا فیصلہ برقرار رکھاہے جس پر سینیٹ آف پاکستان نے سری لنکن حکومت، کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے جذبہ یکجہتی پر شکریہ اور تحسین کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔

جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں یہ قرارداد وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے چیلنجز کے باوجود کھیل کے فروغ اور امن کے پیغام پر یقین رکھتا ہے، سری لنکا کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی اور اعتماد کی علامت ہے۔ایوان نے قرار دیا کہ سری لنکا ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مکمل اعتماد اور اطمینان کے ساتھ کھیل جاری رکھ سکے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سینیٹ آف پاکستان سکیورٹی اداروں، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور متعلقہ اداروں کی انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے امن و امان کے قیام اور غیر ملکی کھلاڑیوں کے تحفظ کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ایوان نے امید ظاہر کی کہ کھیل کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص عالمی سطح پر مزید مضبوط ہوگا اور خطے میں امن و بھائی چارے کا پیغام فروغ پائے گا۔