اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے اسلام آباد ماڈل اسکول برائے طلبہ بھارہ کہو کے زیر تعمیر کلاس رومز کا کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،کلاس رومز کی کمی اور تعمیراتی کام کی وجہ سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بدھ کو سیکرٹری تعلیم نے موہڑہ نور، بھارہ کہو سیکٹر میں واقع مڈل سکول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی سہولیات اور …
اسلام آباد ماڈل اسکول برائے طلبہ بھارہ کہو میں کلاس رومز کا تعمیراتی کام فوری مکمل کیا جائے،سیکرٹری تعلیم
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے اسلام آباد ماڈل اسکول برائے طلبہ بھارہ کہو کے زیر تعمیر کلاس رومز کا کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،کلاس رومز کی کمی اور تعمیراتی کام کی وجہ سے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بدھ کو سیکرٹری تعلیم نے موہڑہ نور، بھارہ کہو سیکٹر میں واقع مڈل سکول کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی سہولیات اور مجموعی تدریسی ماحول کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مشاہدہ کیا کہ طلبہ کو انتہائی تنگ اور بھرے ہوئے کمروں میں بٹھایا جا رہا ہے جس کے باعث تدریسی و تعلیمی عمل شدید متاثر ہو رہا ہے۔ اس موقع پر سکول کے پرنسپل نے سیکرٹری کو آگاہ کیا کہ دو کمروں پر مشتمل ایک بلاک چند سال قبل اب تحلیل شدہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) نے تعمیر کرنا شروع کیا تھا تاہم ادارے کے خاتمے کے بعد یہ کمرے گزشتہ کئی برسوں سے نامکمل پڑے ہیں۔
نامکمل تعمیرات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری تعلیم نے سرکاری وسائل کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) کو ہدایت کی کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) ونگ اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر بھیجی جائیں تاکہ سروے کیا جائے، لاگت کا تخمینہ تیار کیا جائے اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔
سیکرٹری تعلیم نے سکول کی عمارت کے پچھلے حصے میں موجود خالی اور غیر ہموار جگہ کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ اگر چٹانی ساخت کے باوجود تکنیکی طور پر ممکن ہو تو اس جگہ کو ہموار کیا جائے تاکہ اسے کھیل کے میدان کے طور پر استعمال میں لایا جا سکے۔









