اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور وزارت ایجوکیشن میں شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے تعاون کا معاہدہ

321

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (آئی ایم ڈی سی)اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، وزارت فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ نے مفاہمت کے ایک خط (ایل او یو ) پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد ایف ڈی ای کے زیر انتظام سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔

اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے سی ای او یاسر خان نیازی اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ای تنویر احمد نے دستخط کئے جانے والے اس معاہدے میں تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لئے سہولیات اور تربیت فراہم کرنے، اساتذہ کی صلاحیتوں کو ڈیجیٹل لرننگ تکنیک سے فائدہ اٹھانے کے لئے بڑھانے پر توجہ دی گئی ہے۔معاہدے کے تحت کالج وزارت کی خاص طور پر پرائمری سکولوں کی بہتری کے لئے مدد کرے گا جس میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تدریسی عملے کی تربیت اور استعداد کار میں اضافہ، طلبہ کے وظائف اور سائنس لیبز اور لائبریریوں کی اپ گریڈیشن شامل ہیں، اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنا اور کم مراعات یافتہ طلباء کے لیے علم تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔دستخط کی تقریب میں اہم عہدیداروں نے شرکت کی جن میں آئی ایم ڈی سی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر خورشید احمد اور سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ محی الدین احمد وانی کے علاوہ عمارہ نسیم اور سجاد خان اور دیگر انتظامی اہلکاروں شامل تھے۔

یاسر خان نیازی نے کالج کے تعلیمی میدان میں تعاون کے ساتھ ساتھ صحت ق تندرستی کے اقدامات کے عزم پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کالج کے تدریسی ہسپتالوں ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اور اسلام آباد ڈینٹل ہسپتال کے توسط سے بیماریوں سے بچاو کے لئے احتیاطی اقدامات اور آگاہی مہمات کی تجویز پیش کی جن میں وقتاً فوقتاً صحت سے متعلق آگاہی سیشنز اور میڈیکل کیمپس شامل ہیں جو طلباء اور تدریسی اور انتظامی عملے دونوں کے لئے ذاتی حفظان صحت اور ذہنی تندرستی کو بہتر بنانے پر مرکوز ہوں گے۔ یاسر خان نیازی نے کہا کہ "یہ شراکت ایف ڈی ای سکولوں میں تعلیمی انفراسٹرکچر اور صحت سے متعلق آگاہی کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو معیاری تعلیم اور جامع صحت کے اقدامات کے ذریعے آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔سیکرٹری اور ایف ڈی ای کے دیگر عہدیداروں نے کالج کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں جانب سے تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا گیا۔