اسلام آباد میں رمضان المبارک پر جامع سکیورٹی پلان نافذ

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):اسلام آباد میں رمضان المبارک کے آغاز پر فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے جامع سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران 3500 سے …

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):اسلام آباد میں رمضان المبارک کے آغاز پر فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے جامع سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران 3500 سے زائد پولیس افسران و جوان مختلف سکیورٹی ڈیوٹیز پر تعینات کیے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے 450 اہلکار ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی تمام بڑی مساجد اور امام بارگاہوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور نمازیوں کی باڈی سرچنگ اور جامع چیکنگ کا مور نظام نافذ کیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی اور چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق ڈولفن فورس اور پولیس موبائلز کی جانب سے شہر بھر میں موثراور مسلسل گشت کیا جا رہا ہے جبکہ ریڈ زون میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ حساس عمارات اور سفارتی دفاتر پر بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی اسلام آباد کے 3100 سے زائد کیمرے شہر کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ سمارٹ کارز اور ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثربنایا گیا ہے۔مزید برآں اہم مارکیٹوں میں ٹریفک ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں اور سستے بازاروں سمیت مرکزی شاہراہوں پر خصوصی ٹریفک پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھی خصوصی سکواڈز کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کو پُرامن اور محفوظ رمضان کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور فورس ہمہ وقت الرٹ ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس سٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں۔