سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائی، گیس چوری اور کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر 5 میٹر منقطع

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی چیکنگ کی جبکہ خلاف ورزی پر 5 گیس میٹر منقطع کردیئے گئے

ملتان۔23 اگست (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 65 مقامات کی چیکنگ کی جبکہ خلاف ورزی پر 5 گیس میٹر منقطع کردیئے گئے۔کارروائی کے دوران ایک میٹر برآمد کیا گیا جسے صارف نے اتار کر رکھا ہوا تھا، جبکہ چار میٹرز پر کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے قواعد کی خلاف ورزی پائی گئی، جنہیں منقطع کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کی کارروائیوں کا مقصد گیس چوری اور غیر قانونی استعمال کا خاتمہ، گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے صارفین کو گیس کے استعمال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گیس استعمال کرنے سے قبل اس امر کی تسلی کرلی جائے کہ کہیں گیس کی بو تو محسوس نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ گیس کی بو محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دیئے جائیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو آن نہ کیا جائے۔جنرل منیجر نے واضح کیا کہ گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔