اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسلام آباد میں ون ونڈو فیسیلیٹیشن سینٹر کی تعمیر نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں عوام کی سہولت کے پیش نظر ون ونڈو آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے کاؤنٹرز کو صبح 9:00 بجے تا رات 9:00 بجے تک فعال کردیا گیا ہے۔
ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشنل ٹائمنگ میں توسیع شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ وہ اپنی جائیداد کی منتقلی اور دیگر معاملات کے لئے اپنی سہولت کے مطابق ون ونڈو آپریشنز میں جاکر اپنے مسائل حل کرواسکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ ون ونڈو آپریشنز میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات متعارف کروائی جائیں اور ون ونڈو آپریشنز کو کارپوریٹ سیکٹر کی طرح بنایا جائے ۔
اسی طرح پراسیسنگ طریقہ کار اور متعلقہ ایس او پیز کو آسان بنایا جائے۔ون ونڈو آپریشنز کا کام مکمل ہونے کے بعد اسکو شہریوں کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ فسیلٹیشن سینٹر کے طور پر پیش کیا جائے گا جس سے رہائشیوں کو معلومات تک آسانی سے رسائی حاصل ہوسکے گی۔