اسلام آباد میں ’کڈز ایتھلیٹکس‘ کا شاندار آغاز، مدارس اور سپیشل تعلیمی اداروں کے بچوں سمیت 1200 طلبہ کی شرکت
اسلام آباد میں ’کڈز ایتھلیٹکس‘ کا شاندار آغاز، مدارس اور سپیشل تعلیمی اداروں کے بچوں سمیت 1200 طلبہ کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام اور اسلام آباد ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے تعاون سے ’’اسلام آباد سکول سپورٹس ایئر‘‘کے فریم ورک کے تحت ’کڈز ایتھلیٹکس‘ کی سرگرمیوں کا جناح سٹیڈیم میں باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کے ’کڈز سپورٹس ویک‘ کے نام سے منفرد اقدام کا حصہ ہے جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی تھے جنہوں نے بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے کھیلوں کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے اعلان کیا کہ ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے جناح سٹیڈیم کی تمام بین الاقوامی معیار کی سہولیات بچوں کے لیے مفت دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے مستقبل کے چیمپئنز کی نشاندہی کے لیے ڈیٹا مینجمنٹ کے جدید نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ بنیادوں پر آبیاری کی جا سکے۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے مختلف ماڈل سکولوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے 600 لڑکوں اور 600 لڑکیوں نے حصہ لیا۔ ان میں ڈھوک گنگال، ترلائی، ٹھنڈا پانی، جھنگ سیداں اور جی سکس سمیت شہر کے مختلف سیکٹرز کے نامور تعلیمی ادارے شامل تھے۔
اس سرگرمی کی فنی قیادت ورلڈ ایتھلیٹکس کڈز پروگرام کی پاکستان میں لیڈ پریکٹیشنر نبیلہ کامران نے کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ نے بھی ایونٹ کی بھرپور حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔یہ ایونٹ 16 اپریل 2026ء تک جاری رہے گا جس کی خاص بات معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کرنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق آنے والے دنوں میں مدارس اور خصوصی تعلیم کے اداروں کے طلبہ بھی ان کھیلوں میں حصہ لیں گے تاکہ ایک ہمہ گیر اور جامع کھیلوں کے ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ ایونٹ ایتھلیٹکس فیڈریشن کے سالانہ کیلنڈر کا ایک مستقل حصہ ہے جو نوجوان نسل میں صحت مندانہ مقابلوں کے رجحان کو تقویت دیتا ہے۔








