اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):اسلام آباد ٹریفک پولیس اور فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت طلباء و طالبات کی کمیونٹی سروس کی تکمیل کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کے زیرِ اہتمام ’’فرینڈز آف پولیس پروگرام‘‘ کے تحت طلباء و طالبات کے ایک اور بیچ نے کمیونٹی سروس کا مقررہ عرصہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو قانون کی پاسداری، نظم و ضبط، شہری ذمہ داریوں اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے میں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر مثبت کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے طلباء و طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کی شمولیت سے ٹریفک قوانین کی آگاہی مہم کو مزید کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے طلباء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس مستقبل میں بھی نوجوانوں کو اس طرح کے مثبت اور تعمیری پروگرامز میں شامل کرتی رہے گی۔چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ کمیونٹی سروس میں شامل طلباء نے عوام کو ٹریفک قوانین کی پابندی، ٹریفک کی روانی اور سڑکوں پر سلامتی کے بارے میں آگاہ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس تجربے سے نہ صرف طلباء میں اعتماد اور سیکھنے کا جذبہ پروان چڑھا بلکہ معاشرے میں شعور بیدار کرنے میں بھی مدد ملی۔آخر میں انہوں نے طلباء و طالبات کو تلقین کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کی خدمت اور قانون کی بالادستی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں۔