اسلام آباد پولیس ریکروٹمنٹ 2026 کا عمل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ جاری

"اسلام آباد پولیس ریکروٹمنٹ 2026 کا عمل میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق جاری ہے، آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر سینئر پولیس افسران مختلف ٹیسٹ سینٹرز میں بھرتی کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔”

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):اسلام آباد پولیس ریکروٹمنٹ 2026 کا عمل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ جاری ہے ۔آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر سینئر پولیس افسران مختلف ٹیسٹ سنٹرز میں خود نگرانی کر رہے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس ریکروٹمنٹ 2026 کا عمل مکمل شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق جاری ہے۔ بھرتی کے تمام مراحل کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے سینئر پولیس افسران مختلف ٹیسٹ سنٹرز پر خود موجود رہے اور جسمانی و رننگ ٹیسٹ، سکیورٹی انتظامات، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامی امور کا مسلسل جائزہ لیتے رہے۔اس سلسلے میں ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ٹیسٹ سنٹر میں موجود رہے، جہاں انہوں نے جسمانی و رننگ ٹیسٹ کے تمام مراحل، امیدواروں کی جانچ پڑتال، سکیورٹی انتظامات اور دیگر امور کی ازخود نگرانی کی تاکہ بھرتی کا عمل منظم، شفاف اور بلا تعطل مکمل کیا جا سکے۔اسی طرح ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد عتیق طاہر بھی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز ٹیسٹ سنٹر میں موجود رہے، جہاں ان کی نگرانی میں جسمانی اور رننگ ٹیسٹ کے مراحل مکمل کیے گئے۔ انہوں نے امیدواروں کے لیے کیے گئے انتظامات، نظم و ضبط، سکیورٹی اور دیگر انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام مراحل مقررہ طریقہ کار، میرٹ اور شفافیت کے مطابق مکمل کیے جائیں۔مزید برآں، ڈی آئی جی سکیورٹی اسلام آباد رانا عمر فاروق ایف نائن ٹیسٹ سنٹر میں موجود رہے، جہاں انہوں نے جسمانی و رننگ ٹیسٹ، سکیورٹی انتظامات، امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی انتظامات کی خود نگرانی کی، جبکہ متعلقہ افسران اور عملے نے ان کی زیر نگرانی تمام مراحل منظم اور خوش اسلوبی سے مکمل کیے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ بھرتی کے ہر مرحلے میں میرٹ، شفافیت اور مساوی مواقع کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی سفارش، جانبداری یا غیر قانونی مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور صرف اہل، باصلاحیت، جسمانی طور پر فٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل امیدواروں کا انتخاب مکمل میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ امیدواروں کے لیے بہترین سہولیات، موثر سکیورٹی، منظم ماحول اور شفاف طریق کار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بھرتی کا عمل خوش اسلوبی، غیرجانبداری اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔

مزید خبریں