اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):اسلام آباد کیپٹل پولیس کاترنول میں رات گئے 4 ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ہفتہ کوپولیس ترجمان نے بتایا کہ واقعہ ترنول لنک روڈ پر معمول کی پولیس چیکنگ کے دوران پیش آیا جب اہلکاروں نے2مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے روکنے کے بجائے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت محمد عدیل اور ذیشان کے نام سے ہوئی جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔
باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محمد عدیل پنجاب میں سنگین جرائم کے 42 مقدمات میں مطلوب بدنام زمانہ ڈاکو تھا جبکہ ذیشان کے خلاف 27 مقدمات درج ہیں۔ گرفتار ملزمان ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان کے قبضے سے دو 30 بور پستول اور دو مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے باوجود تمام پولیس افسران سخت احتیاطی تدابیر کے باعث محفوظ رہے۔انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی نے پولیس ٹیم کی ہمت کو سراہا اور ان کی بہادری پر تعریفی انعامات کا اعلان کیا۔