اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس کے ڈولفن سکواڈ نےکارروائی کرتے ہوئے 3 سنیچرز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے واردات کرکے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن گشت پر مامور ڈولفن اہلکاروں نے ملزمان کا پیچھا کیا اورانہیں گرفتار کرلیا۔
ملزمان میں آیان، عبدالاحد عرف ہادی اور حسن حیات شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
اس حوالہ سے ڈی آئی جی آپریشنز سید علی رضا نےکہا ہے کہ پولیس جوانوں کی بہادری پر انہیں انعامات سے نوازا جائے گا،اسلام آباد پولیس نے ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کررکھی ہے،ڈولفن، ابابیل سکواڈ کے چوکس دستے شہر میں چیکنگ پر مامور ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں ،شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی سے متعلق پکار 15 پر اطلاع دیں۔