اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے اپنے اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ(اے وی ایل یو)کے ذریعے گزشتہ دس ماہ کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گاڑیاں چوری کرنے والوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق اے وی ایل یو کی ٹیموں نے مختلف جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروئیوں کے دوران مجموعی طور پر105 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے379.7 ملین روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور قیمتی سامان برآمد کر لیا۔
مزید برآں اے وی ایل یو کی ٹیموں نے اشتہاری مجرموں، عدالتی مفروروں اور ٹارگٹڈ مجرموں کے خلاف اندھا دھند کارروائیاں کیں اور مختلف علاقوں سے 11مفرور افراد کو گرفتار کیا۔ مزید برآں کار اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث28 گینگز کے67 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ”نشہ اب نہیں” تحریک کے دوران اے وی ایل یو پولیس کی ٹیموں نے ان کے قبضے سے 9689 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔ انہوں نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں اور ان کے قبضے سے06 پستول اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
ڈی آئی جی سید علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس ہر قسم کے گھنائونے جرم میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ منشیات فروشوں، مشکوک افراد یا سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر اپنے متعلقہ تھانوں کو ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار۔ 15 پر یا ”آئی سی ٹی۔15 ایپ کے ذریعے اطلاع دیں۔