اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان سے ملاقات

239
ICCI

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام صدر فاد وحید کی قیادت میں بزنس کمیونٹی کے ایک وفد نے پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار خان سے ملاقات کی اور انہیں صوبہ پنجاب میں اپنا نیا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے قائم مقام صدر فاد وحید نے کہا کہ تجارتی اور صنعتی علاقوں میں سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور مجموعی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے پولیس اور تاجر برادری کے درمیان قریبی روابطہ کا قیم ضروری ہیں۔

انہوں نے آئی جی پولیس پنجاب کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے کر آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بزنس کمیونٹی ان کوششوں میں پولیس کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی تا کہ مشترکہ کوششوں سے معیشت کو مشکلات سے نکال کر بہتری کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ آئی سی سی آئی کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ صوبہ پنجاب ملک کی مجموعی قومی پیداوار میں 54 فیصد سے زائد حصہ ڈال رہا ہے جبکہ سکیورٹی کی بہتر صورتحال سے صوبے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو مزید بہتر فروغ ملے گا۔ وفد میں ظفر بختاوری، خالد چوہدری، سیف الرحمان خان اور دیگر بھی شامل تھے۔ پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس عامر ذوالفقار خان نے آئی سی سی آئی کے وفد کو مبارکباد دینے کے لیے آنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور آئی جی پولیس اسلام آباد وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کیا ہوا تھا اور یقین دلایا کہ وہ پنجاب کوبھی کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے مزید پرکشش بنانے کیلئے تاجر برادری کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے لہذا پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کرے ۔ فریقین نے اس موقع پر باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کے تجارتی و اقتصادی مفادات کے فروغ کے لیے مل جل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔