اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ایک تجارتی وفد کاروبار اور بزنس پارٹنرشپس کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے تھائی لینڈ کے دورے پر روانہ ہو گیا ہے۔ وفد میں فارماسوٹیکلز، ٹیکسٹائل، تعمیرات، خوردنی تیل، ماربل، لائٹ انجینئرنگ، ہاسپیٹلٹی اور ریٹل سیکٹر کے امپورٹرز اور ایکسپورٹرز شامل ہیں۔ وفد اپنے دورے کے دوران تھائی لینڈ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرے گا اور تھائی لینڈ کے نجی شعبے کے ساتھ ملاقات کر کے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لے گا۔
پیر کو تھائی لینڈ روانگی کے موقع پر اپنے بیان میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں تھائی لینڈ کی سالانہ برآمدات 285 ارب ڈالر سے زائد تھیں اور درآمدات تقریباً 300 ارب ڈالر تھیں تاہم پاکستان کے ساتھ تھائی لینڈ کی دو طرفہ تجارت 1ارب ڈالر سے بھی کم رہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک محدود اشیاء میں باہمی تجارت کر رہے ہیں۔ باہمی تجارت میں اضافہ کرنے کیلئے دونوں ممالک مزید اشیاء میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کو ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات ، کھیلوں کا سامان، فارماسوٹیکلز، آلات جراحی اور کھانے کی چیزوں سمیت متعدد مصنوعات برآمد کرسکتا ہے اور اسی طرح پاکستان تھائی لینڈ سے بھی متعدد مصنوعات درآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی کے وفد کے تھائی لینڈ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔