اسلام آباد چیمبر میں قائداعظم ڈے کے حوالے سے تقریب،سردار طاہر محمود کا بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے بابائے قوم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کرنے کے لیے یوم قائداعظم انتہائی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا۔بدھ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے بابائے قوم محمد علی جناح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کرنے کے لیے یوم قائداعظم انتہائی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا۔بدھ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ قائداعظمؒ ایک وژنری رہنما تھے جن کا غیر متزلزل عزم، دیانتداری اور مدبرانہ شخصیت پاکستان کی تخلیق کا باعث بنے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری کو ملک کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پیشہ ورانہ اور معاشی زندگی میں قائد کے سنہری اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ایمانداری، محنت اور قومی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ قائداعظم معاشی خود انحصاری اور قانون کی حکمرانی پر پختہ یقین رکھتے تھے جو آج بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چیمبرز کو قائد کے وژن کے مطابق معاشی اصلاحات کی حمایت میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

نائب صدر عرفان چوہدری نے کہا کہ قائداعظم کا تحمل، نظم و ضبط اور استقامت کا پیغام نوجوانوں اور تاجر برادری کو یکساں رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔ انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ قائد کے نظریات کو صحیح معنوں میں اپناتے ہوئے ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے یوم قائداعظم کی مناسبت سے کیک کاٹا اور مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔شرکا میں ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، نجیب الٰہی ملک، آفتاب گجر، ناصر محمود چوہدری، شمائلہ صدیقی، ملک محسن خالد، سابق صدر محمد اعجاز عباسی، سابق ایس وی پی خالد چوہدری اور دیگر بھی شامل تھے۔