نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت صرف مناسب فورمز پر ہی بامعنی ہوگی، رانا ثناء اللہ

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت صرف مناسب فورمز پر ہی بامعنی ہوگی، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت اسی صورت میں بامعنی ہوگی جب اسے مناسب فورمز پر زیرِ بحث لایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر ابھی تک کسی کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

بدھ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب باقاعدہ مذاکرات شروع ہوں گے تو اس معاملے پر ہر شخص کی اپنی الگ رائے ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ بالآخر نئے صوبوں کے قیام کی تجویز مناسب طریقہ کار کے تحت قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی، تاہم اس نوعیت کی پیش رفت اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اپنے گزشتہ احتجاج کے حوالے سے حد سے زیادہ پُراعتماد تھی، جس کے نتائج اب اسے بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی جماعت کا حد سے زیادہ اعتماد اسے ایسی ہی غلطیوں کی طرف لے جا سکتا ہے، جس سے اس کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔